جمعرات، 31 اگست، 2023

0 تبصرے

زمین پر بہشت کا کنواں

:- ڈاکٹر مبصر الرحمن

میرا نام بئرُ غَرْسٍ ہے، یعنی "غَرْسٍ کا کنواں" ، میری بناوٹ،  میرا پانی اور میری گہرائی عام کنووں کی ہی طرح ہے، لیکن ہاں رب تعالی نے دیگر کنوؤں کے مقابلے مجھے فوقیت بخشی ہے، یقینا وہ جسے چاہے چن لیتا ہے، ( وَرَبُّكَ يَخْلُقُ مَا يَشَآءُ وَيَخْتَارُ ) ، میرے وجود کو برسہا برس گزر گئے ہیں، تقریبا 15 صدی پہلے صحابی رسول سعد بن خیثمہ کے دادا مالک بن نحاط نے میری کھدائی کی تھی، اور زمانہ رسول میں سعد بن خیثمہ ہی میرے مالک اور روح رواں رہے، میرے لیے اس روئے زمین پر سب بڑا شرف یہ ہے کہ تاجدار مدینہ نے میرے پانی کو وضو اور غسل کے لیے استعمال کیا، مجھے اپنے لعاب مبارک سے نوازا، اس لعاب کا اثر آج بھی میرے پانی میں موجود ہے، یہی نہیں بلکہ میرے پانی میں تاجدار مدینہ نے اپنے مبارک ہاتھوں سے شہد بھی انڈیلا تھا، اسی طرح میرے ہی پانی سے متعلق تاجدار مدینہ ﷺ نے وصیت کی تھی کہ جب آپ کا وصال ہو جائے تو آپ کو میرے ہی پانی کے 7 مشکیزوں سے غسل دینا۔ اور خاص بات یہ کہ مجھے تاجدار مدینہ نے جنت کا کنواں قرار دیا۔

 کئی برسوں سے بعض لوگوں کی جہالت اور بے جا غلو کے پیش نظر بعض خیر خواہوں نے میرے منہ پر ایسا ڈھکن ڈھانپ دیا تھا کہ میرے وجود کو خطرہ لاحق ہوچکا تھا، کعبے کا رب؛ خادمین کعبہ کو جزائے خیر دے کہ انھوں نے دنیا بھر کے زائرین کے لیے میرے دروازوں کو کھول دیا، میری صفائی کا کام کیا اور میرے پانی تک لوگوں کی رسائی کو آسان بنادیا ہے۔ مشہور عالم دین ابن باز رحمہ اللہ سے کسی نے میرے پانی کے فوائد کے بارے میں سوال کیا تو علامہ کا جواب سن کر مجھے دلی خوشی ہوئی۔

علامہ ابن باز رحمہ اللہ نے میرے پانی کے حوالے سے کہا :

"اللہ تعالٰی نے اس کنوئیں کے پانی میں جلد کی بعض بیماریوں کے لیے شفا رکھی ہے، اس پانی کو علاج کے لیے استعمال کرنے میں کوئی ممانعت نہیں ہے، بلکہ اللہ تعالٰی نے اس میں برکت اور مسلمانوں کے لیے نفع رکھا ہے۔ خلاصہ کلام یہ ہے کہ اللہ تعالٰی نے اس کنویں کے پانی میں بہت سارے فائدے رکھے ہیں"۔

جب آپ مدینہ منورہ کی زیارت کے لیے تشریف لائیں تو مسجد قبا کے مشرقی جانب نصف میل کی دوری پر میرے در پر بھی حاضری دینا، مملکت کی جانب سے اب مجھے ایک سیاحتی مقام بنادیا گیا ہے، ساتھ ہی میرے پانی کی افادیت کے پیش نظر اب دنیا بھر کے زائرین کو میرا قیمتی پانی اپنے ساتھ بھی لے جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔