پیر، 29 اگست، 2016

Labbaik Allahumma Labbaik

0 تبصرے

 

از- مبصرالرحمن قاسمی

لبیک اللہم لبیک

ایک بار پھر فضاوں میں لبیک اللہم لبیک کی صدائیں گونجنے لگی ہیں، دنیا بھر سے حجاج کعبہ ایک ہی لباس، ایک ہی نعرہ اور ایک ہی دھن لیے مکہ کی وادیوں کی جانب رواں دواں ہیں، اللہ اللہ کیا خوب ماحول ہے، کیا خوب مہمان ہیں اور کیا خوب میزبان! مقبول ہیں وہ بندے جنھیں اللہ نے اپنے گھر کا مہمان بنایا ہے،میزبان باری تعالی ہے اور مہمان نبی آخرالزمان محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت،  فرشتے مکہ ومدینے کی گلیوں میں رب ذوالجلال کے ان مقبول مہمانوں کےاستقبال کے لیے صف بستہ ہیں، کوئی امریکا سے آرہا ہے، کوئی برطانیا سے، کوئی افریقا کے دور دراز علاقوں سے اور کوئی انڈونیشیا، ملیشیا اور بھارت کے چھوٹے چھوٹے قصبوں سے،سب کی زبان الگ الگ، سب کے رنگ ومزاج مختلف، سب کا لائف اسٹائل انوکھا، لیکن آج سب ایک ہی یونیفارم میں  اور سب کی زبانوں پر ایک ہی کلمہ

لبیک اللہم لبیک لبیک لاشریک لک لبیک ،ان الحمدو النعمۃ لک والملک لاشریک لک

اللہ اللہ ! یہ کیسی تیری قدرت ہے، صدیوں ہوچلےحضرت ابراہیم کی آمد کو، قرون گذرچکے حضرت اسماعیل کی وفات کو ، کئی زمانے بیت چکے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کو، لیکن آج بھی وہی رنگ، وہی طریقہ، وہی انداز اور وہی کلمہ،،، اللہ اللہ ! تو کتنا پیار کرتا ہے اپنے انبیاء سے،ابوالانبیاء کی دعاء کو تونے قبول کیا، آج  کس کس کونے سے تیرے بندے تیرے در آرہے ہیں، ابراہیم کی دعاء، اسماعیل کی قربانی اور پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تڑپ رنگ لائی،قرآن کا معجزہ صادق آیا، صحابہ کی محنتوں کے ثمرات سرزمین حجاز اگلنے لگی۔ آج مکہ ومدینہ کی گلیوں میں اللہ کے مہمانوں کا ہجوم ہے، ایک سمندر ہے فرشتوں کا اور ایک ہجوم ہے مہمان بندوں کا،،، خداوندذوالجلال ! ہر برس ایسے ہی آمد آمد رہے  یہ ہماری دعاء ہے،  شیطان  کو غارت فرما ،نامراد وناکام فرما، اس کے شر سے تیرے محترم مہمانوں کی حفاظت فرما، جس طرح تونے ابوالانبیاء ابراہیم کی اور ان کے فرزند اسماعیل کی حفاظت فرمائی۔

0 تبصرے:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔