ہفتہ، 27 ستمبر، 2025

قرآن كريم میں لفظ "وراء" کے مختلف معانی

 

فائدة لغوية:

 قرآن كريم میں لفظ "وراء" کے مختلف معانی

از قلم – ڈاکٹر مبصرالرحمن قاسمی

قرآنِ مجید میں بعض الفاظ مختلف مقامات پر مختلف معنوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک لفظ "وراء" ہے، جو قرآن کریم میں چار مختلف معنوں میں آیا ہے۔

آئیے ان معانی کو مثالوں کے ساتھ سمجھتے ہیں:

 1. "وراء" بمعنی: "پیچھے" یا "خلف"

اس صورت میں "وراء" کا مطلب ہوتا ہے: پیچھے ڈال دینا یا چھوڑ دینا۔

مثال:

{فَنَبَذُوهُ وَرَاءَ ظُهُورِهِمْ}

(ترجمہ: انہوں نے اسے اپنی پیٹھ کے پیچھے ڈال دیا)

یہاں "وراء" کا مطلب ہے: پیچھے یعنی انہوں نے اس چیز کو اہمیت نہیں دی اور چھوڑ دیا۔

2. "وراء" بمعنی: "آگے" یا "سامنے"

کبھی کبھار "وراء" کا مطلب سامنے یا آگے بھی ہوتا ہے، یعنی جو کسی کے سامنے واقع ہو۔

مثال:

{وَكَانَ وَرَاءَهُم مَلِكٌ يَأْخُذُ كُلَّ سَفِينَةٍ غَصْبًا}

(ترجمہ: اور ان کے آگے ایک بادشاہ تھا جو ہر کشتی کو زبردستی چھین لیتا تھا)

یہاں "وراء" کا مطلب ہے: آگے  کیونکہ بادشاہ حضرت خضر علیہ السلام اور حضرت موسی علیہ السلام کے سفر کے راستے میں تھا۔

 

3. "وراء" بمعنی: "علاوہ" یا "غیر"

یہاں "وراء" سے مراد ہے: کسی چیز سے ہٹ کر یا اس کے علاوہ۔

مثال:

{فَمَنِ ابْتَغَىٰ وَرَاءَ ذَٰلِكَ فَأُولَـٰئِكَ هُمُ الْعَادُونَ}

(ترجمہ: پھر جو اس کے علاوہ کچھ چاہے، تو وہی حد سے بڑھنے والے ہیں)

یہاں "وراء" کا مطلب ہے: اس کے علاوہ یعنی جائز حدود سے باہر جانا۔

4. "وراء" بمعنی: "بعد"

بعض اوقات "وراء" کا مطلب ہوتا ہے: بعد میں آنے والا یا بعد میں واقع ہونے والا۔

مثال:

{وَمِن وَرَاءِ إِسْحَاقَ يَعْقُوبَ}

(ترجمہ: اور اسحاق کے بعد یعقوب)

یہاں "وراء" کا مطلب ہے: بعد، یعنی اسحاق علیہ السلام کے بعد یعقوب علیہ السلام پیدا ہوئے۔

قران کریم کے طلبہ کو یہ سمجھنا چاہیے کہ قرآن مجید میں بعض الفاظ کا مطلب صرف لغت سے نہیں بلکہ سیاق و سباق (Context) سے متعین ہوتا ہے۔ "وراء" جیسا ایک لفظ مختلف جگہوں پر مختلف معانی رکھ سکتا ہے، اس لیے ترجمہ یا تفسیر کے مطالعے کے دوران کسی ماہر معلم کے ربط وتعلق میں رہنا ضروری ہے۔ جو ان گہرے معانی کو سمجھا سکے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

فیچر پوسٹ

Watan se Mohabbat Aur Islam

✍ ڈاکٹر مبصرالرحمن قاسمی  وطن سے محبت ۔۔ دین اسلام کی رہنمائی ((ما أطيبَك من بلدٍ! وما أحبَّك إليَّ! ولولا أن قومي أخرجوني منك،...