✍:- ڈاکٹر
مبصر الرحمن قاسمی
عربی زبان کی وسیع ترین
تاریخی لغت
معجم الدوحة التاريخي للغة العربية
کی
تکمیل اور آغاز
https://www.dohadictionary.org
===========
تیرہ برس سے زائد عرصے پر
محیط تحقیق، تجربے اور باقاعدہ دستاویزی کام کے بعد آج بروز پیر قطر میں معجم
الدوحة التاريخي للغة العربية کی تکمیل کا اعلان کر دیا گیا۔ یہ عربی زبان کا ایک
بے مثال اور منفرد لسانی منصوبہ ہے، جو عربی الفاظ کی تاریخ کو زمانی اور معنوی تناظر
میں محفوظ کرتا ہے، اور صدیوں پر محیط ان کے استعمال اور معنوی ارتقا کو مستند
شواہد کے ساتھ پیش کرتا ہے۔
اس ڈکشنری کی نمایاں خصوصیات،
اس کے تاریخی پہلو کے علاوہ، درجِ ذیل ہیں:
1- معجم الدوحة کی تیاری کے
لیے ایک خاص اور منفرد متنی ذخیرہ (Corpus) تیار
کیا گیا ہے، جو صرف اسی منصوبے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تشکیل دیا گیا۔ اس ذخیرے
میں عربی زبان کے مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والے متون شامل ہیں، تاکہ زبان کے
آغاز سے لے کر آج تک اس کے استعمال اور ارتقا کو واضح طور پر دیکھا جا سکے۔ یوں یہ
لغت عربی زبان کی پوری تاریخی تصویر ایک ہی جگہ پیش کرتی ہے۔
2- یہ معجم ہر عربی لفظ کے بارے میں یہ جاننے
کی کوشش کرتا ہے کہ وہ سب سے پہلے کب اور کہاں استعمال ہوا۔ جہاں ممکن ہو، وہاں یہ
لفظ کو قدیم زمانے کے کتبوں اور نقوش تک لے جاتا ہے، اور صرف مثال ہی نہیں دیتا
بلکہ اس نقش سے متعلق ضروری معلومات بھی فراہم کرتا ہے، تاکہ قاری کو لفظ کی اصل
اور تاریخی پس منظر واضح طور پر سمجھ آ سکے۔
3- اس معجم میں عام لوگوں کی روزمرہ زندگی میں
استعمال ہونے والے الفاظ کو بھی نظرانداز نہیں کیا گیا۔ ایسے تمام الفاظ کو واضح
سائنسی اصولوں اور منظم طریقۂ کار کے تحت جمع کر کے درج کیا گیا ہے، تاکہ زبان کا
وہ پہلو بھی محفوظ رہے جو عوام کی بول چال اور سماجی زندگی سے جڑا ہوا ہے۔
4- اس معجم میں سائنسی، علمی اور فنی میدانوں
میں استعمال ہونے والی اصطلاحات کو بھی پوری توجہ کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔ انہیں
بھی عام الفاظ ہی کی طرح ایک منظم اور اصولی طریقے سے درج کیا گیا ہے، تاکہ عربی
زبان کے علمی اور عملی دونوں پہلو ایک ہی جگہ واضح طور پر سامنے آ سکیں۔
5- اس ڈکشنری میں بعض عربی الفاظ کو ان سے
ملتی جلتی سامی زبانوں کے الفاظ کے ساتھ جوڑا گیا ہے۔ اس سے یہ سمجھنے میں آسانی
ہوتی ہے کہ مختلف سامی زبانیں آپس میں کس طرح مربوط ہیں اور عربی الفاظ کا ان
زبانوں سے کیا لسانی رشتہ بنتا ہے۔
6- جو الفاظ دوسری زبانوں سے عربی میں داخل
ہوئے ہیں، ان کی اصل زبان کی نشاندہی بھی کی گئی ہے، مثلاً فارسی، یونانی، ہندی،
ترکی یا دیگر زبانیں۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ الفاظ کہاں سے آئے اور عربی زبان میں
کس راستے سے شامل ہوئے۔
7- معجم الدوحة میں غیر ضروری انسائیکلوپیڈیائی
معلومات سے اجتناب کیا گیا ہے۔ تعریفوں میں غیر ضروری طوالت، فلسفیانہ توجیہات یا
غیر متعلق تشریحات سے گریز کیا گیا ہے، اور صرف وہی معلومات پیش کی گئی ہیں جو ایک
خالص لسانی معجم کے مقاصد سے ہم آہنگ ہوں۔
مثال کے طور پر، آج اس
ڈکشنری کے لانچ کے بعد جب ہم نے لفظ "کاشف" تلاش کیا تو اس کے معانی، اس
کا اولین استعمال، اور یہ کہ اب تک کن کن مشہور شاعروں اور عربی کی کن کن امہات
الکتب میں یہ لفظ کن کن معانی میں استعمال ہوا ہے سب کچھ مستند اور مدلل تفصیلات
کے ساتھ سامنے آ گیا۔
یوں معجم الدوحة التاريخي
للغة العربية عربی زبان کی تاریخی زندگی
کا ایک مستند، منظم اور سائنسی ریکارڈ بن گیا ہے۔ یہ معجم لسانیات، تاریخِ زبان،
ادبیات اور تقابلی مطالعات سے وابستہ محققین کے لیے ایک بنیادی اور ناگزیر ماخذ کی
حیثیت رکھتا ہے، اور عربی لغت نویسی کے میدان میں ایک نئی علمی جہت کا اضافہ ہے۔
https://www.dohadictionary.org
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں